کولکاتہ، 22؍ ستمبر (آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج بھوانی پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جھوٹ بولتی ہے کہ ہم ریاست میں درگا پوجا، لکشمی پوجا کی اجازت نہیں دیتے، وہ ایک ’جملہ پارٹی‘ ہے۔ ممتا بنرجی بھوانی پور سے اسمبلی ضمنی انتخاب لڑ رہی ہیں۔ اس نشست پر ان کا مقابلہ بی جے پی امیدوار پرینکا تبریوال اور بائیں محاذ کی شریج بسواس سے ہے۔ممتا نے کہاکہ نریندر مودی جی، امیت شاہ جی، ہم آپ کو ہندوستان کو طالبان جیسا نہیں بنانے دیں گے، ہندوستان متحد رہے گا، ہم کسی کو ہندوستان کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے اقبال پور میں کہاکہ اگر میں الیکشن نہیں جیتا تو ریاست کا وزیر اعلیٰ بدل جائے گا۔ اسی لئے جیت میرے لیے اہم ہے، آپ کو ووٹ دینا چاہیے کیونکہ میرے لیے ہر ووٹ اہم ہے۔بتادیں کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بھوانی پور اسمبلی سیٹ جیتنے والے ترنمول کانگریس کے سووندیب چٹوپادھیائے نے ممتا بنرجی کی اس سیٹ سے الیکشن لڑنے کیلئے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفیٰ کی وجہ سے ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔ ممتا بنرجی اسمبلی انتخابات میں نندیگرام سے بی جے پی کے شوبھندو ادھیکاری سے الیکشن ہار گئیں۔ اب انہیں وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہنے کے لیے 5 نومبر تک منتخب ہونا ہوگا۔